پاکستان سپر لیگ سیزن 6 پہلا کوالیفائر: صہیب، خوشدل اور چارلس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان کا اسلام آباد کو 181 رنز کا ہدف

21 جون 2021، 18:10 PKT

اپ ڈیٹ کی گئی 8 منٹ قبل

،تصویر کا ذریعہPCB

پاکستان سپر لیگ سیزن 6 اب اپنے پلے آف مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آج پہلے کوالیفائر میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ اور سلطانز مدِ مقابل ہیں۔

صہیب مقصود، خوشدل شاہ اور جانسن چارلس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 181 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس انتہائی اہم میچ میں جب ملتان نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس نے دوسرے ہی اوور میں محمد رضوان کی وکٹ گنوا دی۔ وہ عاکف جاوید جاوید کی گیند پر محمد اخلاق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے پیچھے کپتان شاداب خان کا بروقت ریویو لینا بھی شامل تھا کیونکہ ایک وقت میں ایسا معلوم ہو رہا تھا جیسے گیند رضوان کی شرٹ سے چھو کر کیپر تک گئی ہے۔ تاہم ریویو سے پتا چلا کہ گیند ان کے گلوز پر لگ کر کیپر کے پاس گئی تھی۔

تاہم رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بلے صہیب مقصود تھے جنھوں نے آتے ہی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ صہیب مقصود اس ٹورنامنٹ میں اچھی ہٹنگ فارم میں دکھائی دے رہے ہیں اور انھیں ملتان کی جانب سے تیسرے نمبر پر بھیجا جا رہا ہے جہاں وہ اس سے قبل بھی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

دوسری شان مسعود نے شاداب خان کو آتے ہی دو چوکے مارے، تاہم وہ ان کی اگلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ شاداب نے ایک گیند بعد رائیلی روسو کو بھی ایل بی ڈبلیو کیا اور اسلام آباد کی میچ میں واپسی یقینی بنائی۔

شاداب

،تصویر کا ذریعہPCB

تاہم اگلے آنے والے بلے باز جانسن چارلس نے بھی آتے ہی چھکے، چوکوں کی بوچھاڑ کر دی جس سے ملتان سلطانز کا مومنٹم نہیں ٹوٹا۔ فہیم اشرف نے میچ کے 15ویں اوور میں جانسن چارلس کو آؤٹ کر کے اس خطرناک شراکت کو تو توڑ دیا۔

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس ٹورنامنٹ کے دوران دونوں ٹیموں درمیان دو میچ کھیلے گئے جس میں اسلام آباد کو کامیابی ملی۔

ملتان سلطانز کے لیے اس ٹورنامنٹ کے کراچی میں کھیلے گئے میچ خاصے مایوس کن رہے تھے اور یہ ٹیم پانچ میں سے چار میچ ہار گئی تھی اور ایسا معلوم ہوتا تھا کہ شاید کوئٹہ کے ساتھ ٹورنامنٹ سے نکلنے والی ٹیموں میں سے ایک یہ بھی ہو گی۔

تاہم ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پانچ میچوں میں سے چار میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اب ملتان پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر ہے۔

شاداب

،تصویر کا ذریعہPCB

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پورے ٹورنامنٹ میں ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا اور اپنے 10 میچوں میں سے اسے صرف دو میں شکست ہوئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جن کھلاڑیوں کو سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ میں آرام کا موقع دیا گیا تھا ان کی اس میچ میں واپسی ہوئی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں عثمان خواجہ، کولن منرو اور حسن علی شامل تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے پچھلے میچ میں ملتان سلطانز کے اوپنرز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچھا آغاز فراہم کیا تھا، لیکن تواتر سے وکٹیں گرنے کے باعث وہ صرف 149 رنز ہی بنا سکی تھی۔

ملتان سلطانز کی ٹیم: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، جانسن چارلس، رائیلی روسو، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، عمران طاہر، بلیسنگ مزربانی، عمران خان، شہنواز دھانی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم: کالن منرو، عثمان خواجہ، محمد اخلاق، شاداب خان (کپتان)، حسین طلعت، آصف علی، حسن علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، عاکف جاوید۔



Source link

Leave a Reply