امریکی معیشت کی شرح نمو میں ساڑھے 6 اضافہ ،معیشت پر کرونا کے دباؤ میں کمی



کرونا سے بچاؤ کی ویکسینشن مہم کے عمل اور حکومتی امداد کی بدولت امریکی معیشت کی شرح نمو پچھلے تین ماہ کے دوران بڑھ کر ساڑھے 6 فیصد ہو گئی جب کہ ملکی معیشت کا سائزعالمی وبا سے پہلے کے دور سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی کے تازہ ترین اعدادوشمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ امریکہ عالمی وبا کی باعث ہونے والی کساد بازاری سے باہر نکل آیا ہے۔

امریکہ کے محکمہ تجارت کے مطابق اپریل اور جون کے دوران امریکہ کی جی ڈی پی میں اضافے کی شرح6.3فیصد کی سالانہ سطح سے بھی تیز تر رہی۔

بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ اقتصادی کارکردگی مزید بہتر ہوسکتی تھی۔ لیکن کمپنیوں کو پھر سے اسٹاک جمع کرنے اور رسد کے کچھ مسائل کے باعث معاشی شرح نمو میں ایک فی فیصد کے لگ بھگ کمی واقع ہوئی۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں صارفین نے زیادہ رقوم خرچ کیں۔ خیال رہے کہ صارفین کی خرید امریکی معیشت کا ایندھن سمجی جاتی ہے۔ ان تین ماہ کے دوران صارفین کے اخرجات میں 11 اعشاریہ 8 فیصد کی سالانہ شرح سے اضافہ ہوا۔

سامان کی خرید میں 11 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ہر چند کہ یہ شرح خرچ اس سال کے پہلے تین ماہ کی 27 اعشاریہ 4 فیصد بلند شرح سے کم رہی۔

ریستوران اور فضائی کمپنیوں کے سفری ٹکٹ جیسی سروسز پر خرچ کی گئی رقوم میں اضافہ 12 فیصد رہا جو کہ جنوری سے مارچ کے پہلے تین مہینوں کے 3 اعشاریہ 9 فیصد سے کہیں زیادہ تھا۔ ویکسینیشن کے عمل کے آگے بڑھنے نے امریکی شہریوں کی شاپنگ، سفر اور باہر کھانے جیسی سرگرمیوں میں زیادہ پیسہ خرچ کرنے کی ترغیب دی۔

پیش گوئی کے مطابق رواں برس امریکہ کی معیشت سات فیصد کی شرح سے بڑھے گی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ 1984 کے بعد امریکی کیلنڈر سال کے اندر سب سے زیادہ شرح نمو ہو گی۔ اور گزشتہ سال کی معاشی شرح میں 3 اعشاریہ4 فیصد کی کمی کے بر عکس یہ بہت بڑا اضافہ ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال عالمی وبا کی وجہ سے ہونے والی امریکی معیشت میں تنزلی گزشتہ 74 سال کی کم ترین سطح کی تھی۔

لیکن اب بھی امریکہ کی میعشت کے لیے بہتر پیش گوئی پر کرونا وائرس کی انتہائی تیزی سے پھیلنے والی ڈیلٹا قسم کا سایہ منڈلا رہا ہے۔

اس وقت امریکہ میں ہر روز 60 ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں جو کہ گزشتہ کئی مہینوں کی اوسط شرح سے بہت زیادہ ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر وبا کی صورت حال بگڑتی ہے تو اس کا معیشت پر منفی اثر پڑے گا۔

لیکن فی الحال امریکی معیشت مسلسل مضبوطی کا رجحان دکھا رہی ہے۔ پچھلے ماہ امریکہ میں 850,000 نئی نوکریوں کی صورت میں اقتصادی موقعوں میں اضافہ ہوا، جب کہ اجرت کی فی گھنٹہ شرح میں بھی 3 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ ہوا۔



Source link

کیٹاگری میں : USA

Leave a Reply